بنگلورو،21؍ جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے عازمین حج کو اطلاع دی ہے کہ امسال سفر حج بیت اﷲ کیلئے روانگی سے قبل حج ہاؤز میں بکنگ کے مرحلے میں وہ اپنا سم کارڈ ضرور حاصل کرلیں ۔ جناب روشن بیگ نے کہا کہ عازمین حج کو سرزمین ہند سے روانگی کے بعد جدہ ایرپورٹ میں آمد کے بعد اپنے امیگریشن ، لگیج اور دیگر تقاضوں کی تکمیل کیلئے کافی وقت لگ سکتا ہے۔ اسی لئے ان کے متعلق بنگلور یا ریاست کے دیگر مقامات پر مقیم ان کے اقرباء پریشان نہ ہوں اور جدہ پہنچنے کی اطلاع انہیں فوراً مل سکے اور ساتھ ہی دوران سفر حج کی ادائیگی اور دیگر مواقع پر اپنے گھر والوں سے رابطہ قائم کرنے میں کسی طرح کی دشواری پیش نہ آئے، اسی مقصد کے تحت عازمین کو یہیں سے سم کارڈ مہیا کرانا طے ہوا ہے، اور سال گزشتہ کی طرح امسال بھی حج ہاؤز میں عازمین کو بکنگ کے مرحلے میں سم کارڈ فراہم کردیا جائے گا۔اس سے پہلے بنگلور یا ریاست کے دیگر مقامات سے روانہ ہونے والے عازمین کو جدہ اور مکہ پہنچنے کے بعد اپنے اقرباء سے رابطہ قائم کرنے فون بوتھ یا پھر موبائل سم کارڈ حاصل کرنے کیلئے کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔اس دشواری کو یکسر ختم کرنے کے مقصد کے تحت حج کمیٹی نے تمام عازمین کو یہیں سے سم کارڈ مہیا کرانے کا مستحسن قدم اٹھایا ہے ۔ عازمین اس سے بھرپور استفادہ کریں۔ بکنگ کے مرحلے میں عازمین اپنے کور نمبر میں شامل عازمین کی تفصیلات بتا کر یہ سم کارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔